ارجنٹینا میں ایک کار ریس کے دوران افسوسناک حادثے میں ایک تماشائی ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن کے مطابق یہ واقعہ “ریلی سوڈامیریکانو مینا کلیورو” کے دوسرے مرحلے میں پیش آیا، جب ایک ریسنگ گاڑی کنٹرول کھو کر رکاوٹ سے ٹکرا گئی اور تماشائیوں کے حصے میں جا پہنچی۔حادثے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی تیزی سے بے قابو ہو کر الٹتی ہوئی سائیڈ ایریا میں داخل ہو گئی، جس کے نتیجے میں ہجوم متاثر ہوا۔ڈرائیور ڈیڈیئر آریاس اور ان کے شریک ڈرائیور ہیکٹر نونیز اس حادثے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔
انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا سکیں۔یہ حادثہ ایک روز قبل پیش آنے والے ایک اور ریسنگ سانحے کے بعد ہوا ہے، جس میں ایک اور ڈرائیور کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران جان کی بازی ہار گیا تھا۔