کراچی کے علاقے کورنگی سو کوارٹرز کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کو قتل کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ زمان ٹاؤن کورنگی کے سیکٹر 50/C میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک ملزم ہیلمٹ پہنے ہوئے تھا جبکہ دوسرا برقع میں ملبوس تھا۔ برقع پوش ملزم نے موٹرسائیکل سے اتر کر مقتول پر اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد ازاں دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ یاسین ولد امین کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مقتول کے اہل خانہ کے مطابق وہ فشری سے وابستہ ایک ٹھیکیدار تھے اور ایم کیو ایم پاکستان کے کورنگی یونٹ 8 کے علاقائی ذمہ دار بھی تھے۔
ان کے مطابق مقتول کی کسی سے ذاتی دشمنی یا لین دین کا تنازع نہیں تھا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب علاقے میں بجلی بند تھی، جس کی وجہ سے ملزمان کی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کے ساتھ مزید دو افراد بھی بیک اپ پر موجود تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا شبہ قرار دیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔