لاہور میں پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران اپنی بیویوں کے قتل میں ملوث دو شوہروں کو گرفتار کر لیا ہے، جنہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پہلے کیس میں آصف کو ضلع ساہیوال سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ کاہنہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی۔ مقتولہ صائمہ بی بی پانچ بچوں کی ماں تھیں اور وہ سادھوکی گاؤں میں رہائش پذیر تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھ اس کے ایک ساتھی نے مبینہ طور پر چھری سے گلا کاٹ کر خاتون کو قتل کیا، جس کے بعد دونوں فرار ہو گئے تھے۔ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔دوسرے واقعے میں شاہدرہ لاہور میں ایک اسکول ٹیچر خاتون کو قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کیا گیا۔ اس کیس کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا تھا، جس کے بعد پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملزم نے گھریلو تنازعے پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ گرفتاری کے لیے ایس پی سٹی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی، جبکہ انسپکٹر اختر علی اور ان کی ٹیم نے جدید طریقہ کار اور انٹیلیجنس معلومات کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔حکام کے مطابق دونوں کیسز میں مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔