دو بیویوں کے قاتل نے ضمانت پر رہا ہوتے ہی اپنے 3 سالہ بیٹے کو قتل کردیا

دو بیویوں کے قاتل نے ضمانت پر رہا ہوتے ہی اپنے 3 سالہ بیٹے کو قتل کردیا

تھانہ حضرو کی حدود میں گاؤں غورغشتی کے قبرستان سے ملنے والی 3 سالہ بچے کی لاش کا معمہ حل ہوگیا ہے۔

 پولیس کے مطابق مقتول بچے عمر شاہ کا سگا باپ ہی اس کا قاتل نکلا ہے، جس نے بچے کو موت کے گھاٹ اتار کر قبرستان میں دفن کردیا تھا۔ملزم سجاد احمد شاہ چند روز قبل ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا، اور وہ اپنی دو بیویوں کے قتل کے جرم میں گرفتار تھا۔ قاتل باپ کا 3 سالہ بیٹا عمر شاہ والدہ کے قتل کے بعد اپنی نانی کے گھر مقیم تھا، جہاں سے اسے اپنے والد نے لےجا کر قتل کیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم سجاد شاہ کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈی پی او اٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

پولیس کے مطابق، مقتول بچے کی لاش گزشتہ روز غورغشتی کے قبرستان سے ملی، جس پر تھانہ حضرو پولیس نے مقدمہ قتل درج کیا ہے۔ مدعی انچارج پولیس چوکی غورغشتی سب انسپکٹر سجاد احمد ہیں۔ تفتیش انچارج ایچ آئی یو حضرو سرکل انسپکٹر انجم سہیل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، پی ایف ایس اے ٹیم راولپنڈی اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے ہیں۔پوسٹ مارٹم کے لیے 3 سالہ عمر شاہ کی لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال حضرو منتقل کیا گیا ہے۔