پاکستان کی کینیا کو برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ

پاکستان کی کینیا کو برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ

پاکستان کی کینیا کو برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد کینیا افریقہ میں پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی بن گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق برآمدات 251.6 ملین ڈالر سے بڑھ کر 319.9 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو تقریباً 32 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ اس بہتری کو دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان کینیا بزنس کونسل کے صدر رفیق سلیمان کے مطابق پاکستان سے کینیا کو ملبوسات، ادویات، ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز، آئی ٹی سروسز، سافٹ ویئر سلوشنز اور توانائی سے متعلق مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق چاول کی برآمدات نے اس اضافے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ممباسا بندرگاہ کے ذریعے مشرقی افریقہ تک رسائی میں وسعت نے بھی تجارت کو سہولت فراہم کی ہے، جس سے پاکستان کی مصنوعات کو خطے میں بہتر مارکیٹ ملی ہے۔ماہرین کے مطابق سفارتی اور تجارتی روابط میں بہتری، اور برآمدی تنوع نے اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ برسوں میں پاکستان کی برآمدات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔