چھٹی کے وقت کلاس رومز، واش رومز، لیبارٹریز، لائبریریز، کھیل کے میدان کی جانچ پڑتال کی جائے
یہ یقینی بنایا جا ئے کوئی طالب علم سکول میں موجود نہ ہو‘کسی بھی قسم کی غفلت کو سنجیدگی سے لیا جائے گا
لاہور(آئی این پی )پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے اسکولوں کو طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق، اسکول سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ چھٹی کے وقت تمام جگہوں بشمول کلاس رومز، واش رومز، لیبارٹریز، لائبریریز، کھیل کے میدان اور دیگر مقامات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی طالب علم اسکول میں موجود نہ ہو۔محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک استاد یا عملے کے رکن کو ذمہ داری سونپی جائے جو طلبہ کی روانگی کی نگرانی کرے اور تصدیق کرے کہ تمام طلبہ بحفاظت اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔مقرر کردہ عملے کے رکن کو اس وقت تک اسکول چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک یہ تصدیق نہ ہو جائے کہ تمام طلبہ جا چکے ہیں جبکہ اداروں کے سربراہان کو ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔