لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد سکول کھولنے سے قبل محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام تعلیمی اداروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سکولوں میں صفائی، سکیورٹی، بجلی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائیگی۔تمام سکولوں کی سو فیصد فزیکل انسپکشن بھی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سکولوں کی چھتوں، واٹر ٹینکس اور نکاسی آب نظام کی صفائی کیساتھ ساتھ مون سون کے پیش نظر کھڑے پانی کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ڈینگی کی ممکنہ افزائش گاہوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔محکمہ تعلیم نے زیرِ تعمیر یا مرمتی کام والی جگہوں کو بیریئرز لگا کر طلبہ کی رسائی سے محفوظ بنانے کی بھی ہدایت کردی۔