دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کرتے ہیں، امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے گا:چینی صدر

  چین جنوبی ایشیا ء میں  مذاکرات کی نگرانی کرے  شہبازشریف
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے،  پاکستانی  عوام چین کیساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں  ‘ پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترے :چینی صدر سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم کی پیوٹن سے ملاقات، روسی صدر نے ایس سی اوسمٹ کی دعوت دی‘ روس کیساتھ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہش مند ہیں:وزیراعظم
 پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، سیلاب سے  نقصانات پر شدید افسوس ہوا، ہمیں مختلف شعبوں میں مل کر آگے بڑھنا ہے، امید ہے پاکستانی حکومت سیلابی صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی: روسی صدر 

بیجنگ(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کیلئے  چین کو دعوت   دیتے ہوئے کہا  ہے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، بیانیہ دنیا تسلیم نہیں کرتی،  پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں جبکہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اوردوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفود کی سطح کی ملاقات میں  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،احسن اقبال اور دیگر وزرا  بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے گا۔وزیر اعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی  اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت پر  شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترے ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ، سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ کی مثالی قیادت کا ثبوت ہے۔وزیراعظم  نے  مزید کہاکہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں۔    وزیراعظم نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کرے، تاکہ مذاکرات کے ثمرات پاکستان کو مل سکیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، بیانیہ دنیا تسلیم نہیں کرتی‘دریں اثناء  شہباز شریف نے چائنہ کے شہر بیجنگ میں روسی صدر سے ملاقات کی ملاقات کے دوران روسی صدر نے ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔بیجنگ میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ روس کیساتھ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہش مند ہیں، روس کیساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، ہم اپنے تعلقات کو بلندیوں تک لے جانا چا ہتے ہیں۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے،دورانِ گفتگو انہوں نے پیوٹن کو مخاطب کرتے کہا کہ آپ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔دوسری جانب  صدر پیوٹن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر شدید افسوس ہوا۔ روسی صدر نے  دوران ملاقات شہباز شریف کو ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے روس کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوگی۔ پیوٹن کا اپنی گفتگو میں  مزید کہنا  تھا کہ ہمیں مختلف شعبوں میں مل کر آگے بڑھنا ہے، امید ہے پاکستانی حکومت سیلابی صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائی گی، دونوں ممالک مختلف امورپر یواین سمیت عالمی فورمز میں یکساں موقف رکھتے ہیں۔