ایران کے بیرون ملک منجمد اثاثے 100 ارب ڈالر سے زیادہ

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے منجمد اثاثے کتنے ہیں، اس بارے میں کوئی تصدیق شدہ معلومات دستیاب نہیں، لیکن ایران کی سرکاری رپورٹس اور ماہرین کے مطابق ایران کے بیرون ملک منجمد اثاثوں کی کل مالیت 100 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔یہ اثاثے وہ رقوم ہیں، جو ایران نے تیل کی فروخت اور دیگر ذرائع سے حاصل کیں، لیکن امریکی اور عالمی پابندیوں کے باعث انہیں غیر ملکی بینکوں میں روک دیا گیا۔ایران پر پابندیوں کا آغاز 1979ء￿  کے بعد ہوا، جو ایران کے جوہری پروگرام کے باعث مزید سخت ہوتی گئیں۔رپورٹس کے مطابق ایران کے منجمد اثاثے مختلف ملکوں میں موجود ہیں، جن میں چین میں کم از کم 20 ارب ڈالرز، بھارت میں 7 ارب ڈالرز، عراق میں تقریباً 6 ارب ڈالرز، قطر میں 6 ارب ڈالرز، جاپان میں 1 اعشاریہ 5 ارب ڈالرز کے اثاثے موجود ہیں۔امریکا کے پاس ایران کے تقریباً 2 ارب ڈالرز کے اثاثے جبکہ یورپی ممالک میں ایران کے اثاثے ہیں، جس میں لگسمبرگ کے پاس ایران کے تقریباً 1 اعشاریہ 6 ارب ڈالر منجمد ہیں۔