ان حالات میں علامہ اقبال کی فکر، رہنمائی کا ایک زندہ جاوید استعارہ ہے:یوم اقبال پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے جدید دنیا کو آج بھی تنازعات اور تقسیم جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں علامہ اقبال کی فکر، رہنمائی کا ایک زندہ جاوید استعارہ ہے‘ انہوں نے نفرت کے مقابلے میں محبت، جبر کے مقابلے میں انصاف اور مایوسی کے مقابلے میں امید کا درس دیا‘ ان کے نزدیک پائیدار امن کا انحصار محض سیاسی معاہدوں پر نہیں بلکہ فرد کی اصلاح اور اخلاقی کردار کی پختگی پر ہے۔ یومِ اقبال (21 اپریل 2026) کے موقع پر پیغام میں صدر نے کہا کہ آج ہم حکیم الامت، شاعرِ مشرق، عظیم مسلم مفکر اور اس بصیرت افروز شخصیت علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے تصورِ پاکستان کو فکری جہت عطا کی۔ وہ نہ صرف ایک عظیم شاعر تھے بلکہ ایک ایسی فکری، اخلاقی اور روحانی قوت تھے جنہوں نے مسلم امہ کو خود آگاہی، فکر کی آزادی، خود داری اور جہدِ مسلسل کی راہ دکھائی۔ زوال اور بے یقینی کے دور میں انہوں نے ایک قوم کے اعتماد کو دوبارہ جلا بخشی اور عمل پیہم پر ان کے یقین کو بحال کیا۔