پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں حافظ آباد میں گندم جلنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
حکومتی رکن عون جہانگیر نے واقعے پر کارروائی کا مطالبہ کیا جبکہ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کسانوں کو ریلیف دینے کی اپیل کی۔احمد خان بھچر نے ایوان کو بتایا کہ حافظ آباد میں 700 ایکڑ پر محیط رقبے پر کھڑی گندم جل کر خاکستر ہو چکی ہے، جس سے کسان شدید مالی نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ زمین کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ لگا کر کسانوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔
اپوزیشن رکن نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شرقپور میں واپڈا کی بجلی کی لائن فصل پر گر گئی، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور گندم جل گئی۔اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر یہ نقصان حکومت یا ادارے کی غفلت کی وجہ سے ہوا ہے تو متاثرہ کسانوں کو لازمی طور پر معاوضہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے معاملے پر حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں کو فوری ریلیف دینے پر زور دیا۔