راولپنڈی: اوجریالہ گاؤں میں اندھے قتل کی واردات، 40 سالہ شخص کو گولی مار کر کنویں میں پھینک دیا گیا
راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے اوجریالہ گاؤں میں ایک اندھے قتل کی واردات ہوئی ہے جس میں 40 سالہ شخص کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو کنویں میں پھینک دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ایک مقامی شخص جو کھیتوں میں فصل کی دیکھ بھال اور مویشی چرانے کے لیے گیا تھا، نے کنویں میں لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس موقع پر پہنچی اور ریسکیو 1122 کی ٹیم کو طلب کیا جس کے بعد لاش کو کنویں سے نکال لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، مقتول شخص کی عمر تقریباً 30 سے 40 سال کے درمیان تھی اور اس کی داڑھی بھی تھی۔ مقتول کے دونوں ہاتھ کمر سے بندھے ہوئے تھے اور سینے پر گولی لگی ہوئی تھی۔
مقتول کی شناخت کے لیے پولیس نے ملحقہ علاقوں سے معلومات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ فرانزک ماہرین کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس حکام نے مزید کہا کہ یہ قتل ایک منصوبہ بند کارروائی معلوم ہوتی ہے اور اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔