بجلی مزید 8روپے یونٹ تک سستی
80کی دہائی میں چاول کی سپورٹنگ پرائس ختم کی گئی تویہی صورتحال تھی بعد میں قیمت مارکیٹ سپلائی کے مطابق طے ہونے لگی : اعظم نذیر تارڑ ،ہول سیل مارکیٹ میں آئل کی فی لٹر قیمت24روپے کمی سے510روپے ہو گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بجلی مزید 8روپے یونٹ تک سستی ہوگی ،آئل اور گھی کی قیمتوں میں 18سے 24روپے کلو تک کمی ہو گئی آٹا بھی سستا ہوچکا ، عوام نے مزید ریلیف کی امید لگالی، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا بجلی کی قیمت میں مزید 7سے 8 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔جڑانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 15 ارب روپے کاپیکیج دیا ہے کسانوں کوسستی کھادکی فراہمی اولین ترجیح ہے حکومت گندم کاشت کرنیوالے زمینداروں کی بہتری کیلئے کوشاں ہے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 80کی دہائی میں چاول کی سپورٹنگ پرائس ختم کی گئی تویہی صورتحال تھی، چاول کی قیمت بعد میں مارکیٹ سپلائی کے مطابق طے ہونے لگی۔درجہ دوم اور سوم کے آئل اور گھی کی قیمتوں میں 18سے 24روپے کمی ہو گئی۔ہول سیل مارکیٹ میں آئل کی فی لٹر قیمت24روپے کمی سے510روپے ہو گئی ،12پیکٹ آئل کی پیٹی کی قیمت288روپے کمی سے6120روپے، درجہ دوم گھی کی قیمت 18روپے کمی سے510روپے ،12پیکٹ گھی کی پیٹی216روپے کمی سے 6120روپے کی ہو گئی۔درجہ سوم کا گھی 431 روپے سے کم ہو کر 406 روپے کلو ہو گیا۔اس حوالے سے عوام کا کہنا ہے کہ چند روز پہلے آ ٹے کی قیمت میں 10روپے کلو کمی ہوئی تھی ، بجلی مزید سستی ہونے سے مہنگائی میں کمی ہوگی۔