پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود آٹا، گھی، تیل، دالیں اور چاول مہنگے ،ایل پی جی بھی سستی نہ ہوسکی

ملک بھر میں مہنگائی کی لہر برقرار، شہری خوار
 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت، درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 605 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، دودھ 170 کے بجائے 270 روپے بکنے لگا ، ایل پی جی کی قیمت 241روپے فی کلو مقرر، 410 سے 460روپے میں دستیاب
لاہور( خصوصی رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے باوجود ملک میں مہنگائی کی مجموعی صورتحال میں کوئی خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آ رہی، آٹا، گھی، تیل، دالیں اور چاول بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 605 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے،اسی طرح چاول 310 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں، جس نے شہریوں کی قوتِ خرید کو مزید متاثر کیا ہے.گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ برقرار ہے مٹن 2400روپے فی کلو اور بیف1600روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے دوسری جانب روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں 14 روپے والی روٹی تندوروں پر30روپے میں فروخت کی جا رہی ہے. دودھ کی قیمت 170 روپے کے بجائے 270 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دہی بھی سرکاری نرخوں سے زائد، 260 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، سبزیاں اور ترکاریاں بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت نہیں ہو رہیں.شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی آ سکے‘کھانے پینے کی اشیاء￿ کے علاوہ یوٹیلٹی بلوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی اور گیس کے استعمال میں جتنی بھی بچت کرنے کوشش کررہے ہیں حکومت نرخوں اور ٹیکسوں میں اضافہ کرکے ہر ماہ بل زیادہ وصول کرلیتی ہے۔ لاہور میں سوئی گیس کے کم پریشر اور قلت کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں نے شہریوں کی کمر توڑ دی ہے حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 241روپے فی کلو مقررکی گئی ہے مگر شہریوں کو 410 روپے سے 460روپے میں دستیاب ہے.لاہورشہر کے کسی بھی علاقے میں ایل پی جی سرکاری قیمت 241روپے فی کلوپردستیاب نہیں ہے اورہردکانداراپنے مرضی کی قیمت وصول کررہاہے اس حوالے سے دکانداروں کاکہناہے کہ مڈل مین ہمیں ایل پی جی مہنگے داموں فراہم کرتے ہیں،مہنگی ایل پی جی خرید کر سرکاری نرخنامے پر فروخت ممکن نہیں ہے۔