مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے کینال منصوبے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی

 رانا ثنا اللہ برف پگھلنے کا امکان  سردار سلیم
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی پاور شیئرنگ کو آرڈی نیشن کمیٹیوں کا اجلاس آج گورنر ہاوس لاہور میں سہ پہر 4 بجے طلب،اجلاس میں اب تک پنجاب میں پاور شیئرنگ کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا
رانا ثنا اللہ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اورسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اورپیپلز پارٹی کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، ندیم افضل چن، سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود اجلاس میں شرکت کرینگے 
لاہور ( کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی پاور شیئرنگ کو آرڈی نیشن کمیٹیوں کا اجلاس آج گورنر ہاوس لاہور میں سہ پہر 4 بجے طلب کر لیا گیا،اجلاس میں اب تک پنجاب میں پاور شیئرنگ کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ن لیگ کی جانب سے رانا ثنا اللہ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اورسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اورپیپلز پارٹی کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، ندیم افضل چن، سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود اجلاس میں شرکت کرینگے ،اس موقع پرچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت دیگر افسر بھی موجود ہونگے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کو آرڈی نیشن کمیٹی کی سب کمیٹی کی ملاقاتوں میں ہونے والے فیصلوں پر بھی مشاورت کی جائے گی،قبل ازیں کمیٹیوں کے کئی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوچکے ہیں ،کو آرڈی نیشن کمیٹیوں کے گزشتہ اجلاس میں طے کیاگیا تھاکہ ہرمہینے اجلاس ہوگا ،اس ضمن میں آج کا اجلاس شیڈول کیاگیاہے۔مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے کینال منصوبے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کے مشیر برائے بائے الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ قائد محمد نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف نے پی پی پی سے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے، اکائیوں کے پانی سمیت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کا حصہ ہے، آئینی عہدوں پر رہتے ہوئے بات زیادہ ذمہ داری سے کرنی چاہئے، ہمیں پی پی پی کی قیادت کا بہت احترام ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ 1991ء میں صوبوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے اور 1992ء کے ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی سے ناانصافی نہیں ہو سکتی، کسی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کے حصے میں نہیں جا سکتا، اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ملک میں آئینی طریقہ کار اور قوانین موجود ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے ، معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں، اکائیوں کی مضبوطی کو وفاق کی مضبوطی سمجھتے ہیں، ماضی کی طرح اسی طرز عمل پر چلتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئین و جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے والی جماعت کے طور پر اکائیوں اور اس میں رہنے والے عوام کے حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ کیا نہ کریں گے، بات چیت اور مشاورت ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔جب کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اس بیان کی تائید کرتا ہوں کہ شیر جب بھی آتا ہے سب کچھ کھاجاتا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سجادہ نشین دربار عالیہ شاہ محمد مقیم سید اعجاز علی گیلانی کی وفات پر ان کی فیملی سے تعزیت کیلئے حجرہ شاہ مقیم پہنچے۔سید یوسف رضا گیلانی نے سجادہ نشین سید اسد علی گیلانی،سید حیدر علی گیلانی اور ایم این اے سید رضا علی گیلانی سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ نے کہا شعبہ زراعت ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسان خوشحال ہوگا ملک خوشحال ہوگا،پنجاب حکومت کو گندم کے ریٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ شیر جب بھی آتا ہے سب کچھ کھاجاتا ہے اس بیان کی تائید کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے علیحدگی کا جوبیان دیا ہے وہی پارٹی کا فیصلہ ہے۔ شفاف الیکشن ہوئے توپاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ انہوں نے فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں اسرائیل جارحیت اور مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے۔