صیہونی فوج نے بنیادی اشیاء کی ترسیل روک دی،غزہ سے داغے گئے دو میزائلوں میں سے ایک کو مار گرایا، اسرائیلی فوج کا دعویٰ
غزہ؍تل ابیب(آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی فوج نے مظالم کی انتہا کردی، بے گھرفلسطینیوں پر بمباری سے مزید درجنوں شہری شہید ہوگئے، صیہونی فوج نے بنیادی اشیا ء کی ترسیل روک دی جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے داغے گئے دو میزائلوں میں سے ایک کو مار گرا یا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں بمباری سے 4فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ہائپو تھرمیا کا شکار ایک اور نومولودزندگی کی باز ی ہار گیا۔شدید سردی کے باعث20دنوں کے نوزائیدہ بچے سمیت 7بچے شہید ہوگئے، شہدا ء کی مجموعی تعداد 45ہزار 5سو سے تجاوز کرگئی جبکہ 1لاکھ 8ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں شدید بارشوں سے بے گھر خاندانوں کے خیموں میں پانی بھر گیا جس سے غزہ کے بے گھر افراد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔دوسری جانب فلسطینی مرکزی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے بنیادی اشیاء کی ترسیل روک دی، غزہ اپنی آبادی کا تقریبا ً6فیصد کھو چکا ہے۔ خان یونس میں اسرائیل کی تازہ بمباری سے جانی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا، نصر ہسپتال بارش اور سیلاب کی زد میں رہا، فلسطینی شہری سردی میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگئے۔ادھر اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ نئے سال کے ابتدائی لمحات میں غزہ کی جانب سے دو میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے ایک کو مار گرایا گیا جبکہ دوسرا ایک کھلے میدان میں گرا۔