ریڈزون کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کردئیے گئے، وزیر داخلہ اور وزیر مملکت طلال چودھری کا لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ
حکومت کو یکجہتی فلسطین مارچ روکنے کا کوئی حق نہیں، رکاوٹیں کھڑی کر کے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو، فلسطین سے یکجہتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے،نائب امیر
اسلام آباد(آئی این پی ) جماعت اسلامی کے یکجہتی فلسطین مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں اتوار کو سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے اور یڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کر دیئے گئے ۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت کو یکجہتی فلسطین مارچ روکنے کا کوئی حق نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں حکومتی ذمہ داران نے اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے گفتگو کی۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی مارچ کو روکے، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ پر امن ہوگا، حکومت رکاوٹیں کھڑی کر کے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ فلسطین سے یکجہتی کیلئے کوئی نوگوایریا نہ بنایا جائے، کویت کا اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان پوری امت کی ترجمانی ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے یکجہتی فلسطین مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے اور ریڈ زون جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر د یا گیا تھا ۔وفاقی دارالحکومت میں ریڈزون کے داخلی راستوں پر سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ، ڈی چوک، سرینا چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ، ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر خار دار تاریں اور بیرئیرز لگا دئیے گئے اور وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی ۔