پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ معطل، پابندی تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گی
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے باعث غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل ٹریفک پلان جاری کرنے کے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر قسم کی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رکھا جائے گا، سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کو روکا جا سکتا ہے۔اسلام آباد میں کسی بھی سمت سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں میں شہر کا رخ نہ کریں۔ادھر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہر میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور یہ پابندی تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گی، شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کسی بھی نئی پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا