آصف زرداری سندھ کا پانی بیچ کرمگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں:عمرایوب

 جب ملک میں پیسا نہیں ہو گا، افراتفری ہو گی، دفاع کمزور ہو گا تو ملک کیسے ترقی کرے گا،قائد حزب اختلاف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے حکومتی اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے پانی پر قبضہ کیا گیا ہے اور آصف زرداری سندھ کا پانی بیچ کر اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔اسلام آباد میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے پاکستان کو ہارڈ اسٹیٹ ہونا چاہیے، جب پاکستان میں استحکام نہیں اور قانون کی حکمرانی نہیں تو ہارڈ اسٹیٹ کیسے بنے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں پیسا نہیں ہو گا، افراتفری ہو گی، دفاع کمزور ہو گا تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ریاست کی تعریف کیا ہے؟ ریاست مجلس شوریٰ ہے، افواج، انٹیلی جنس ایجنسیاں ریاست کے اوزار ہیں، یہ تو ایسا ہے کہ چوکیدار اٹھ کر کہے کہ گھر میں چلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم سچ بتانے لگتے ہیں تو بس پھر ٹی وی کی فیڈ کٹ جاتی ہے، بلوچستان والے کہتے ہیں جبری گمشدگیوں کو ختم کرو اور ہمارے وسائل پر ہمیں حق دو۔عمر ایوب نے کہا کہ سندھ کے پانی پر قبضہ کرنے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہی نہیں ہوا، آصف زرداری نے خود سندھ کا پانی بیچا اور پھر مگرمچھ کے آنسو بہا رہا تھا۔