فیصل آباد (خصوصی رپورٹ))جماعت اسلامی نے مینار پاکستان پر کل پاکستان تین روزہ اجتماع عام کااعلان کردیا۔''بدل دو نظام'' کے سلوگن کے تحت 21،22، 23 نومبر کوہونے والے اجتماع میں خیبر سے کراچی تک کے لاکھوں مردو خواتین اور نوجوانون شریک ہوں گے۔ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ضلعی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 78 سالوں سے وطن عزیز پر قابض کرپٹ حکمرانوں، اشرافیہ، جرنیلوں اور بیوروکریسی نے عام پاکستانی کو ظلم، ناانصافی، جعلی انتخابات اور طبقاتی نظام کے بوجھ تلے دبا کر رکھا ہوا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس فرسودہ طبقاتی نظام کو بدلا جائے۔ جماعتِ اسلامی پاکستان نا صرف ملک گیر دیانتدار قیادت کی حامل واحد حقیقی جمہوری پارٹی کا درجہ رکھتی ہے، بلکہ شفاف سیاست کی ایسی علامت ہے جو شخصیات کی سیاست کی بجائے منصفانہ نظام، ایک نصاب اور ایک زبان پر مبنی پاکستان کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں خیبر سے کراچی تک کے لاکھوں مردو خواتین اور نوجوانوں کو تعمیری انقلاب کے لیے اکٹھا کرنے کیلئے جماعت اسلامی پاکستان مینار پاکستان لاہور پر ''بدل دو نظام'' اجتماع عام کا انعقاد کر کے ایک زبردست عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نئی نسل انقلاب کے لیے تیار ہوجائے، پرامن مزاحمت سے اس نظام سے جان چھڑانا ہوگی۔ جماعت اسلامی کا 21، 22 اور 23 نومبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم الشان تاریخی اجتماع عام ہوگا،یہ اجتماع ملک میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔