پاک فوج اورایس آئی ایف کا معاشی بہتری میں اہم کردار ، وزیراعلیٰ مریم نواز بھی پنجاب میں بہترین کام کررہی ہیں، وہ نئے منصوبے لائیں اور ریکارڈ توڑے
دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت میںبہتری کی تعریف کررہے ہیں،قومی اسمبلی میں بھی کرسچن کمیونٹی کا نمائندہ بن کر بات کرتا ہوں، تقریب سے خطاب
لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم نے معیشت بحال کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک فوج اورایس آئی ایف کا معاشی بہتری میں اہم کردار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنی لیڈر شپ اورمسلم لیگ (ن) کی جانب سے پوری کرسچن کمیونٹی کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں سب کو فخر سے بتاتا ہوں کہ میں 70 ہزار کرسچن ووٹرز کا نمائندہ ہوں، کرسچن کمیونٹی نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، قومی اسمبلی میں بھی کرسچن کمیونٹی کا نمائندہ بن کر بات کرتا ہوں، مستقبل میں بھی کرسچن کمیونٹی کے حق کی بات ہمیشہ کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی نے قیام پاکستان میں اہم کردارادا کیا، دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ کرسچن کمیونٹی نے پیدا کیے، دعا ہے یہ گلدستہ ہمیشہ پھلتا پھولتا رہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے معیشت بحال کی، معاشی حالات مزید بہتری کی جانب گامزن ہیں، دنیا کے مالیاتی ادارے تعریف کررہے ہیں کہ پاکستانی معیشت بہتر ہوئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز بھی پنجاب میں بہترین کام کررہی ہیں، وہ پنجاب میں نئے منصوبے لائیں اور ریکارڈ توڑے۔