ہم 28 مئی والے، یہ گیدڑ 9 مئی والے ہیں، نوجوان ن لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچائیں
وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا:وفاقی وزیر اطلاعات کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے ہم 28مئی والے ہیں اور یہ گیدڑ 9مئی والے ہیں، انہوں نے اپنے ملک اور فوج پر حملہ کیا،آرمی چیف معیشت کی بحالی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، ایس سی او اجلاس، 12 ممالک کے وزرائے اعظم کی آمد، چیمپئنز ٹرافی ثبوت ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن یوتھ کوآرڈینیٹرزکے ڈویژنل،ضلعی اورتحصیل کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاست کی خاطر ملک کے دفاعی ادروں اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا۔ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے جب نقصان پہنچایا، اپنے ہی ملک کو پہنچایا، نوشہرہ کی ایک سیٹ کی جیت سب سے بھاری تھی، جب پی ٹی آئی کی حکومت عروج پر تھی تو مسلم لیگ ن نے نوشہرہ سے سیٹ نکالی،ہم نوازشریف اورشہبازشریف کے کارکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کہتا تھا یہ بہت روئیں گے اور بھاگیں گے، جہاں تعمیر وترقی کا نشان نظر آئے گا وہاں نوازشریف کی مہر ملے گی، ہم 28 مئی یوم تکبیر والے ہیں، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو شکست دی، جبکہ یہ 9 مئی والے ہیں۔