بانی پی ٹی آئی کی ذاتی پیشی کیلئے دائر درخواست خارج

راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور مقدمے کے مرکزی ملزم کی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیشی کی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق وہ صرف ویڈیو لنک کے ذریعے ہی عدالت میں پیش ہو سکیں گے۔ عدالت نے جیل ٹرائل کو عدالت منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی اور کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے، پیمرا، پی آئی ڈی، وزارت داخلہ اور انٹرنل سیکیورٹی کے 10 گواہان کو طلب کر لیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران استغاثہ کے دو گواہان سب انسپکٹر سلیم قریشی اور سب انسپکٹر منظور شہزاد نے اپنے بیانات قلمبند کرائے اور عدالت میں 5 یو ایس بیز پیش کیں جن میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق 40 ویڈیوز، مختلف اخبارات کے تراشے، اور سی سی ٹی وی فوٹیج شامل تھیں۔ ان ویڈیوز میں عمر تنویر، صداقت عباسی اور سکندر مرزا کے کلپس بھی موجود ہیں