بشری بی بی کی ذاتی خرچ پر فوری علاج کی اجازت، درخواست دائر

اسلا م آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پائو نڈ کیس میں سزا یافتہ اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی نئی متفرق درخواست دائرکردی گئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیا کہ بشری بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کے پیشِ نظر دائر درخواست میں اڈیالہ جیل حکام سے ان کی مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرنے اور ذاتی خرچ پر ماہر امراضِ چشم سے فوری علاج کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔واضح رہے چند روز قبل اڈیالہ جیل میں وکیل سے ملاقات کے دوران عمران خان نے بشری بی بی کے آنکھوں سے متعلق مسئلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بشری بی بی کے کیسز میں عدالتوں سے ریلیف لینے کی ہدایت کی تھی۔