معاہدہ بہت بڑا کارنامہ ہے، پاکستان کو حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف مل گیا مریم نواز

 شہباز شریف کو سعودی جہازوں نے سلامی دی، ایک وزیراعظم کو الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتارا گیا، سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ  ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں
 اڈیالا میں موجود شخص کو نہیں پتہ پاکستان اب آگے بڑھ گیا، وہ قصہ پارینہ ہے ، سرگودھا کیلئے  33  الیکڑک بسوں کا تحفہ لائی ہوں: افتتاحی تقریب سے خطاب
سرگودھا(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ  ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں، یہ دفاعی معاہدہ بہت بڑا کارنامہ ہے، حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف پاکستان کو ملا ہے ،   ایک وزیراعظم ہوا کرتا تھا جس کو الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتار دیا گیا کہ بھائی اترو جائو  اور آج جب شہباز شریف کا جہاز سعودی ائیر اسپیس میں آیا تو اسے سعودی جنگی جہازوں نے سلامی دی،اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سرگودھا میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں  کیا ۔ بزرگ شہریوں اور طلبہ کے لیے سفری سہولت مفت ہوگی۔مریم نواز نے کہا کہ آج سرگودھا کیلئے  33 بسوں کا تحفہ لائی ہوں، شہر کیلئے  60 بسیں رکھی ہیں، سرگودھا ڈویژن کو 105 بسوں کا تحفہ دیں گے۔وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان میں روایت ہے ترقی اور بڑے پروجیکٹ کو بڑے شہر سے شروع کیا جاتا ہے، پہلے ترقی بڑے شہروں سے شروع ہوکر وہاں ہی ختم ہوجایا کرتی تھی، اب چھوٹے شہروں سے ترقی شروع ہوکر پورے پاکستان میں پھیلے گی۔انہوں نے ککہا  پنجاب میں بدترین سیلاب آیا،بھارت نے پاکستان میں پانی چھوڑا  جس سے  تین دریائوں میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، آپ کی وزیراعلی جاگ رہی تھی،  سیلاب کے باعث27 شہر اور 5 ہزار سے زائدگائو ں متاثر ہوئے، اگر ہماری تیاری نہ ہوتی تو بہت بڑا نقصان ہونے کا اندیشہ تھا، ہم نے 25 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا، متاثرین کو خیموں میں آباد کیا اور خوراک فراہم کی، 22 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا۔انہوں نے   کہا کہ اگر ہم جاگ نہ رہے ہوتے بہت زیادہ نقصان ہونے کا خطرہ تھا، 25لاکھ افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات تک پہنچایا، ایک ایک ٹرک میں 10ہزار افراد تک تیار کھانا، ادویات پہنچائیں، ہم نے لاکھوں جانوروں کو بھی ریسکیو کیا اورمحفوظ مقامات تک منتقل کیا۔