امریکی صدر کے ہیلی کاپٹر کی فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ

 صدر اور خاتون اول کو بحفاظت بیک اپ ہیلی کاپٹر میں منتقل کیا گیا:ترجمان وائٹ ہائوس
واشنگٹن (آئی این پی )برطانیہ کے دورے پر آئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہیلی کاپٹر نے فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے  کے  مطابق و ائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر میرین ون نے چیکرز سے سٹینسٹڈ ایئرپورٹ کی طرف پرواز کے دوران معمولی ہائیڈرولک خرابی کا سامنا کرنے کے بعد برطانیہ کے مقامی ایئر فیلڈ پر غیر طے شدہ لینڈنگ کی۔وائٹ ہائو س کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ ہنگامی لینڈنگ انتہائی احتیاط کے ساتھ کی گئی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ صدر اور خاتون اول کو بحفاظت بیک اپ ہیلی کاپٹر میں منتقل کیا گیا، جس نے انہیں سٹینسٹڈ تک پہنچا دیا ، جہاں وہ وطن واپسی کے لئے ایئر فورس ون میں سوار ہوگئے۔