جاپان میں پاکستانی سفیر کی سید فیروز شاہ سے ملاقات، جاپانی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بات چیت

جاپان میں پاکستانی سفیر کی سید فیروز شاہ سے ملاقات، جاپانی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بات چیت

جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر عبدالحمید نے پاکستانی سفارتخانے میں بورڈ آف انویسٹمنٹ (BOI) کے ایڈوائزر سید فیروز شاہ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارتی تعلقات اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر عبدالحمید نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے، اور موجودہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور پُرکشش ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، آٹو موبائل، زراعت، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور کئی نئے منصوبے جلد عملی شکل اختیار کریں گے۔سید فیروز شاہ نے جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور سہولتوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا ایک نیا اور مثبت دور شروع ہو چکا ہے جو پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ سید فیروز شاہ ماضی میں یاماہا سمیت کئی جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ جاپان کا قومی ایوارڈ اور حکومتِ پاکستان کا تمغہ امتیاز بھی دیا گیا۔