سیلاب سے ٹریک متاثر،ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم

گرین لائن، پاک بزنس، پاکستان اور رحمان بابا ایکسپریس کے متبادل روٹس جاری
شاہ حسین ایکسپریس کراچی کیلئے منسوخ، دیگر ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلیاں،حکام
لاہور (کرائم رپورٹر) سیلاب سے متاثرہ ریلوے ٹریک کے باعث متعدد ٹرینوں کے اوقات اور روٹس متاثر ہو گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ٹرینوں کے روانگی کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق پاک بزنس ایکسپریس اب سہ پہر ساڑھے چار بجے کی بجائے شام سات بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو آج گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ گرین لائن اپنے مقررہ وقت رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی جانے والی قراقرم، رحمان بابا اور پاکستان ایکسپریسز اب لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی جائیں گی ، جبکہ کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس براستہ ساہیوال، لاہور راولپنڈی جائے گی۔اسی طرح ملت ایکسپریس کراچی سے لاہور آتے ہوئے ساہیوال، سانگلہ ہل، چک جھمرہ، فیصل آباد کے راستے سے گزرے گی۔ کراچی سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس بھی براستہ لاہور، ساہیوال پشاور جائے گی۔دوسری جانب دکی میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو کان کن جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ریلوے حکام نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ روانگی سے قبل ٹرینوں کے اوقات کی تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی زحمت سے بچا جا سکے۔