250 سے زائد پتنگیں مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے بھیجی جا رہی تھیں
لاہور (کرائم رپورٹر) شفیق آباد پولیس نے چھٹی کے روز پتنگ فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی رنگ برنگی پتنگوں کی بڑی سپلائی ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 250 سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم اظہر محمود پابندی کے باوجود پتنگ فروشی میں ملوث تھا اور پولیس کی نظروں سے بچنے کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ اور سفید تھیلوں کے ذریعے پتنگوں کی ترسیل کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہیایس پی سٹی نے مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او شفیق آباد اور سب انسپکٹر سہیل سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی اور اس کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔