چین میں ایک شخص نے 12 کروڑ 30 لاکھ روپے (1.4 ملین امریکی ڈالر) کی لاٹری جیتنے کے بعد اپنی زندگی سدھارنے کے بجائے ازدواجی زندگی تباہ کر لی۔
خوش نصیبی کے بعد اس نے اپنی بیوی کو نظرانداز کرتے ہوئے کروڑوں روپے ایک لائیو اسٹریمر خاتون پر خرچ کر ڈالے، جس پر بیوی نے عدالت سے طلاق لے لی۔چینی میڈیا کے مطابق، جیت کے فوراً بعد اس شخص نے اپنی اہلیہ یوان (Yuan) کو بتایا کہ اب وہ جو چاہیں خرید سکتی ہیں، اور اسے ایک بینک کارڈ بھی دیا جس میں تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے (4 لاکھ 20 ہزار ڈالر) ہونے کا دعویٰ کیا۔یوان نے شوہر پر بھروسہ کرتے ہوئے کارڈ الماری میں رکھ دیا — مگر کچھ ہی عرصے بعد شوہر کا رویہ یکسر بدل گیا۔رپورٹس کے مطابق، وہ دن میں جوا کھیلنے اور رات کو خواتین کی لائیو اسٹریمز دیکھنے میں مصروف رہنے لگا۔ اس نے ایک خاتون اسٹریمر پر 1 کروڑ 40 لاکھ روپے (168,000 ڈالر) اڑا دیے اور اسے چار دن کی سیر و تفریح پر بھی لے گیا۔
تاہم، قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا — وہ ریلوے اسٹیشن پر اپنی بیوی کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔یوان نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ شوہر اس خاتون سے رومانوی پیغامات کا تبادلہ کرتا تھا، اسے “ہنی” کہتا اور خود کو “ہبی (hubby)” لکھتا تھا۔مزید تفتیش پر پتا چلا کہ بیوی کو دیا گیا بینک کارڈ خالی تھا — اس میں ایک روپیہ بھی موجود نہیں تھا۔یہ انکشاف سامنے آتے ہی یوان نے فوری طور پر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔