فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) نے باجوڑ میں خوارج کے ہاتھوں تباہ دو مساجد کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف سی (نارتھ) نے مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی بیرونی و اندرونی تعمیر نو، صفائی، روشنی اور وضو کے انتظامات کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا۔ان مساجد کو خوارج کے حملوں میں شدید نقصان پہنچا تھا۔ بحالی کے کام میں شمسی توانائی کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو۔مقامی آبادی نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے اقدامات کو علاقے میں امن و استحکام کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ان عبادت گاہوں کی بحالی نے ان کے دل جیت لیے ہیں۔
عوام نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف عبادت کے مقامات کی بحالی ہے بلکہ امید اور یکجہتی کی تجدید بھی ہے۔منصوبے کی تکمیل کے بعد علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں نماز کی ادائیگی کے لیے ان مساجد کا رخ کر رہے ہیں، جس سے باجوڑ میں سماجی ہم آہنگی اور مذہبی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔