مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین بائیکرز کا گروپ اپنے ملک گیر سفر کے دوران تحصیل تیمرگرہ پہنچ گیا۔
یہ بائیکرز کینیڈا، نیوزی لینڈ، فرانس اور اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ دو ہفتے قبل اسلام آباد سے اپنے ایڈونچر سفر پر روانہ ہوئی تھیں۔گروپ نے اپنے سفر کے دوران بشام، قراقرم ہائی وے، چائنا بارڈر، گلگت، شندور، چترال اور کالاش کے دلکش علاقوں کا سفر کیا اور اب تیمرگرہ پہنچ کر مقامی ثقافت اور روایات کا مشاہدہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی خواتین بائیکرز نے کہا کہ انہیں پاکستان کے قدرتی مناظر، مہمان نوازی اور ثقافتی تنوع نے بے حد متاثر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ"پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، یہاں کے لوگ نہایت دوستانہ اور مددگار ہیں۔ دنیا میں یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ پاکستان میں غیرملکی محفوظ نہیں۔"خواتین بائیکرز نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ سفر دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور پُرامن چہرہ اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔