پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا اور چاہتے ہیں کہ وہ بطور وزیراعظم اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، امن کا کوئی معاہدہ تاحال نظر نہیں آرہا اور معاشی بحران سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے کندھوں پر معاشی بوجھ بڑھ رہا ہے اور مہنگائی کے باعث مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ آنے والے دنوں میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، تاہم افسوس ہے کہ سیاست دانوں نے عوام کے حقیقی مسائل پر بات کرنا چھوڑ دی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے اثرات کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا۔ خطے میں امن کا کوئی معاہدہ سامنے نہیں آیا، جس کے باعث جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات برداشت کرنا پڑ سکتی ہیں۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہیں، جبکہ پاکستان میں بھی عوامی مسائل کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کی توجہ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور مشکل معاشی حالات میں ان کی مدد پر مرکوز رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں چھوٹے کاشت کاروں اور زمینداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ زرعی شعبے میں تقریباً 90 فیصد حصہ چھوٹے کاشت کاروں کا ہے، اس لیے انہیں مشکلات سے نکالنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بے نظیر ہاری کارڈ کا مقصد بھی چھوٹے کاشت کاروں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں زرعی شعبے کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور کاشت کاروں کو کھاد کے حصول میں بھی دشواری پیش آسکتی ہے۔ اسی تناظر میں کاشت کاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جارہی ہے تاکہ انہیں مشکل وقت میں سہارا دیا جاسکے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 8 ہزار روپے امداد کی فراہمی بھی قابلِ تحسین اقدام ہے۔