748 افراد شدید زخمی، 83 فیصد واقعات موٹرسائیکلوں کے نکلے
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1429 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 748 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 873 معمولی زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر طبی امداد فراہم کی۔ رپورٹ کے مطابق 83 فیصد حادثات موٹرسائیکلوں سے متعلق ہیں۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثات میں 963 ڈرائیورز، 61 کم عمر ڈرائیورز، 499 مسافر اور 185 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ لاہور میں 271 حادثات رپورٹ ہوئے، جہاں 317 افراد متاثر ہوئے، جبکہ فیصل آباد میں 94 حادثات میں 100 اور ملتان میں 89 حادثات میں 106 افراد متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر 1647 متاثرین میں 1327 مرد اور 320 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 233 کی عمریں 18 سال سے کم، 904 کی 18 سے 40 سال اور 510 کی 40 سال سے زائد تھیں۔ حادثات میں 1508 موٹرسائیکلیں، 103 رکشے، 163 کاریں، 28 وینز، 8 بسیں، 46 ٹرک اور 77 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ٹریفک قوانین اور لین ڈسپلن کی پابندی کریں۔