زیادہ تر حادثات موٹرسائیکل سواروں کی غفلت کے باعث پیش آئے: ریسکیو حکام
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1429 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 748 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ 912 معمولی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔ ریسکیو1122 کے مطابق حادثات میں زیادہ تر تعداد موٹرسائیکل سواروں کی رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور 231 حادثات اور 291 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر رہا۔ حادثات میں 1295 مرد اور 379 خواتین متاثر ہوئیں جبکہ بیشتر زخمیوں کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان تھیں۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ٹریفک قوانین، لائن اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح میں کمی لائی جا سکے۔