این سی سی آئی اے کا جعلی انسپکٹر گرفتار

 شہری سے لوٹے 20 لاکھ برآمد،شادی کی تقریب میں گرفتاری کی دھمکیاں دے کر رقم بٹوری
 لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے ادارے کا انسپکٹر ظاہر کرکے شہری کو ہراساں کرنے، گرفتاری کی دھمکیاں دینے اور 20 لاکھ روپے وصول کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے پوری رقم برآمد کر لی۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ساہیوال کے رہائشی سید حمزہ ارشاد بخاری نے شکایت درج کرائی کہ شاہد بشیر چیمہ اور میاں وسیم نے ادارے میں اثرورسوخ کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں فرضی شکایت کے ذریعے بلیک میل کیا۔ مرکزی ملزم شاہد بشیر چیمہ خود کو این سی سی آئی اے کا انسپکٹر ظاہر کرکے گرفتاری کی دھمکیاں دیتا تھا۔ شکایت کے مطابق ملزمان نے مدعی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پہنچ کر رقم نہ دینے کی صورت میں گرفتاری کی دھمکی دی اور تین بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے 20 لاکھ روپے وصول کیے، جبکہ مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔ کال ریکارڈنگز، واٹس ایپ پیغامات اور بینک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے شاہد بشیر چیمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے موبائل فون اور شہری سے وصول کی گئی رقم برآمد کر لی گئی، جبکہ دوسرے ملزم میاں وسیم کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔ عاطف امیر نے کہا کہ ادارے کا نام استعمال کرکے شہریوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔