راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کو شکست دے کر دو میچز کی ٹیسٹ سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے مہمان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 90 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد عباس کو شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے کیا، تاہم دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے اسیتھا فرنانڈو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کردیا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف دیا۔سری لنکا کی جانب سے ملن رتھنائیکے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سونل دینوشا نے 54 اور کوشال مینڈس نے 53 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، رضا اللہ نے 2 جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 90 رنز کا ہدف محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عامر جمال 34 اور اذان اویس 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جبکہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز میں 98 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 227 رنز کی قیمتی برتری حاصل ہوئی، جس نے میچ میں قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی تھی۔پاکستان کی پہلی اننگز میں غازی غوری 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ اذان اویس نے 47، طیب عارف نے 46 اور رضا اللہ نے 42 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ ملن رتھنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میچ میں محمد عباس نے دونوں اننگز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کے اعزازات سے نوازا گیا۔