راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔
ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 74 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا۔ 99 رنز کے مجموعی اسکور پر دھننجیا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔اس کے بعد 134 رنز کے مجموعی اسکور پر پاسندو سوریا بندارا غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔کھانے کے وقفے تک سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا لیے تھے۔ مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے مزید 5 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔پاکستان کی جانب سے رضا اللہ اور عامر جمال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ثاقب خان وکٹ لینے کے فوراً بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور اب وہ میچ میں مزید بولنگ نہیں کرسکیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنائے تھے اور 227 رنز کی بھاری برتری حاصل کی تھی۔پاکستان کی جانب سے غازی غوری نے 54 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ اذان اویس 47، طیب عارف 46 اور رضا اللہ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔