مولانا فضل الرحمن اور صاحبزادے اسعد محمود سے سکیورٹی واپس لے لی گئی

کارکن تیار رہیں، مولانا فضل  الرحمن کو کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر ہوگی:ترجمان جے یو آئی
اسلام آباد(آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ تعینات پولیس کی تمام سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کئے  گئے۔اسی طرح مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔دریں ا ثنا جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان  اسلم غوری  کہا ہے حکومت واضح کرے ایسا کس کے حکم پر کیا گیا۔ترجمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی سربراہ کو کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پرعائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سلامتی کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ترجمان جے یو آئی نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔