پاکستان پوسٹ میں ہزاروں بھرتیاں مولانافضل الرحمن کے بیٹے سابق وزیر اسعد محمود کی10 نومبر کو نیب میں طلبی

نیب راولپنڈی نے پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کی تحقیقات شروع  کردی‘ ڈومیسائل کوٹہ کی خلاف ورزیوں سمیت متعدد الزامات پر جواب طلب
فضل الرحمن کے قریبی رفقا ء کیخلاف ادارے متحرک، مولانا کی اسلام آباد رہائشگاہ کے مالک کو بھی نوٹس جاری‘محمد اکرم خان پانیزئی  کی بھی طلبی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘یواین پی)پاکستان پوسٹ میں 4 ہزار 252  بھرتیوں کے معاملے پر نیب نے مولانافضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیرمواصلات اسعد محمود کونوٹس جاری کردیا۔ 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا گیا۔نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کے دور وزارت میں پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کی تحقیقات شروع کردیں، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا گیا۔نیب تحقیقات میں منظور شدہ 2 ہزار 646 اسامیوں کے بجائے 4 ہزار 252 بھرتیوں کا الزام ہے، پاکستان پوسٹ میں 4 ہزار 252 بھرتیوں کا معاملے پر پوچھ گچھ ہوگی۔پاکستان پوسٹ میں کنٹریکٹ کے بجائے مستقل بنیادوں پر بھرتیوں کا معاملہ بھی نیب تحقیقات میں شامل ہے، بھرتیوں میں سیاسی وابستگیوں، جعلی دستاویزات اور عمر کی حد سے تجاوز کے الزامات ہیں۔ڈومیسائل کوٹہ کی خلاف ورزیوں سمیت متعدد الزامات پر سابق وزیر سے جواب طلب کرلیا گیا ہے، نیب نے اسد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔دریں اثناء فضل الرحمان کے مبینہ مالی معاون محمد اکرم خان پانیزئی کے خلاف ایف آئی اے نے انکوائری شروع کرکے نوٹس جاری کر دیے، محمد اکرم خان پانیزئی کو ایف آئی اے نے 2 نومبر کو متعلقہ دستاویزات اور شواہد سمیت پیش ہونے کی ہدایت کیایف آئی اے نے محمد اکرم خان پانیزئی کو سابقہ نوٹس کے تسلسل میں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرکے 4 نومبر کو انکوائری میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔ فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو ایف آئی اے اور سی ڈی اے نے نوٹس جاری کردیا۔ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے امان اللہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا، امان اللہ کو ایف آئی اے نے متعلقہ انکوائری میں دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد سمیت 4 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔امان اللہ کو اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے نے نوٹس جاری کیا۔