وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی کرکے چیف منسٹر پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا‘ کامیاب خوش نصیب صارفین کو مبارکباد
پہلے فیزمیں 94483 سولر سسٹم لگائے جائیں گے‘ ماہانہ 100اور200 یونٹ تک صارفین کیلئے سولر سسٹم مفت انسٹال کیا جائیگا: بریفنگ
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کرکے چیف منسٹر پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف نمبر بتا کرچیف منسٹر فری سولر پینل سکیم کی خودکار ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی اور فری سولر پینل سکیم میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیب صارفین کو مبارکباد دی ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سولر پینل انسٹالیش پراسیس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کومہنگی بجلی سے ریلیف دینا چاہتے ہیں، ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ فری سولر پینل سکیم کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ فزیکل ویری فکیشن کے بعد مارچ کے آخر تک صوبہ بھر میںسولر سسٹم کی انسٹالیشن شروع ہو گی۔جولائی کے آخرتک فری سولر پینل سکیم انسٹالیشن کا پہلا فیز مکمل ہو جائے گا ۔ سیکرٹری انرجی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو چیف منسٹر پنجاب فری سولر پینل سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری انرجی نے بریفنگ میں بتایا کہ سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت پہلے فیزمیں 94483 سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔صوبہ میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کے لئے سولر سسٹم مفت انسٹال کیا جائے گا۔