پتنگ اڑانے پر باپ نے بیٹے کو تشدد کر کے قتل کر دیا

 ملزم محمد ندیم بیٹے کو خود ہسپتال لے کر آیا تاہم ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا
 بچے کے ماتھے، سر کے پچھلے حصے، ٹانگوں، ہاتھ اور کمر پر چوٹوں کے نشانات پائے گئے
 لاہور (خصوصی رپورٹ )کوئٹہ میں ایک ہیئر ڈریسر نے اپنے 11 سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کر دیا  ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی  ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس  نے بتایا ہے کہ  واقعہ   کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں پیش آیا جہاں 11 سالہ محمد سلطان کو اس کے والد نے معمولی سی بات یعنی پتنگ اڑانے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔پولیس تھانہ ایئرپورٹ میں درج مقدمے کے متن کے مطابق تشدد کی وجہ سے بچے کی حالت بگڑی تو ملزم محمد ندیم راجپوت اپنے بیٹے کو خود ہسپتال لے کر آیا تاہم سول ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکا تھا۔ہسپتال عملے نے بچے کے جسم پر لگنے والے پرانے اور تازہ زخم دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کے مطابق معائنہ کرنے پر بچے کے ماتھے، سر کے پچھلے حصے، ٹانگوں، ہاتھ اور کمر پر متعدد چوٹوں کے نشانات پائے گئے۔ ڈاکٹر نے موت کی وجہ تشدد کو قرار دیا۔