امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے انتہائی متنازعہ اقدام کرتے ہوئے دو بڑی مسلم تنظیموں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان تنظیموں میں مسلم برادر ہُڈ اور کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز شامل ہیں۔ گورنر نے ان دونوں تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان سے وابستہ افراد پر ٹیکساس میں زمین خریدنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کہ دونوں تنظیمیں امریکی حکومت کی دہشت گرد فہرست میں شامل نہیں ہیں، جس نے اس فیصلے کو قانونی اور اخلاقی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تنظیموں نے اس اقدام کو بے بنیاد، غیرقانونی اور اسلام دشمنی قرار دیا ہے۔
کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گورنر ایبٹ سازشی کہانیوں کو بنیاد بنا کر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور اگر یہ حکومتی اعلان عملی پالیسی میں تبدیل ہوا تو وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔یہ فیصلہ امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک نئی مشکل کا آغاز ہے، جس سے اسلام مخالف جذبات اور تعصب کو ہوا ملنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔