میٹرو بس:برقی زینے بندش کا جرمانہ نہ لیا جا سکا

 ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کمپنی سے 8 کروڑ 6 لاکھ 16 ہزار کی ریکوری نہ کی 
لاہور (سٹاف رپورٹر سے)میٹرو بس کے بیشتر سٹیشنوں کے برقی زینوں کی بندش کا مکمل جرمانہ نہ لیا جا سکا۔تفصیل کے مطابق میٹرو بس کے بیشتر سٹیشنز پر برقی زینوں کی بندش میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیاں ہوئیں، برقی زینوں کو فعال کرنے میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور نجی کمپنی نے گٹھ جوڑ کیا،اتھارٹی نے مبینہ طور پر ایکسلیٹر بند ہونے پر نجی کمپنی کو جرمانے نہیں کئے۔ کمپنی کو جرمانے نہ کرنے پر محکمانہ اور آڈیٹر جنرل کی انکوائری شروع ہوئی جس پر حکومت نے مبینہ طور پر چپ سادھ لی۔ معاہدے کی سب کلاز 57 کے تحت برقی زینے بند ہونے پر نجی کمپنی کو جرمانہ کیا جانا تھا،ایکسلیٹر بند ہونے پر 0.1 فیصد ہر دن کے حساب سے جرمانہ کیا جانا تھا جو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے وصول نہ کیا۔ گزشتہ 4 سال کے دوران 100ایکسلیٹر میں سے 30 مکمل طور پر بند رہے،اتھارٹی نے وضع کردہ جرمانہ وصول کرنیکیبجائے 28 ہزار روپے ماہانہ جرمانہ وصول کیا۔جرمانے اور سزا کا تعین نہ کرنے سے 4 سال تک 30 برقی زینے بھی خراب رہے۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے نجی کمپنی سے 8 کروڑ 6 لاکھ 16 ہزار روپے کی ریکوری نہیں کی۔آڈیٹر جنرل نے سزا کا تعین کرنے کیلئے کیس پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بھی ارسال کیا تھا۔