پنجاب کی جیلوں کو برقی توانائی کی فراہمی کا فیصلہ

تمام جیلوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب کی جائے گی ، 4.5 ارب کی لاگت آئے گی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کی جیلوں کو برقی توانائی کی فراہمی کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں کو سولر توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت، تمام جیلوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب کی جائے گی جس پر 4.5 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ سولر سسٹم رواں مالی سال کے دوران مکمل کر لیے جائیں گے اور آپریشنل کر دیے جائیں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سالانہ بجلی کے بلوں کی مد میں 2.5 کروڑ روپے کے اخراجات آ رہے ہیں تاہم سولر سسٹم کی تنصیب سے ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر یہ اخراجات پورے ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ  دو سال قبل انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تین جیلوں میں سولر سسٹم نصب کیا گیا تھا، جس سے ان جیلوں کے بجلی کے بل تقریباً صفر ہو گئے اور کروڑوں روپے کی بچت ہوئی۔