سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی : شرجیل میمن

یہ لوگ جب بھی اسلام آباد آئے پرامن نہیں آئے، یہاں بندوق اور بدمعاشی نہیں چل سکتی، میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی )سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ڈیجیٹل دہشتگردی کی جا رہی ہے،یہ لوگ جب بھی اسلام آباد آئے، پرامن نہیں آئے، یہاں بندوق اور بدمعاشی نہیں چل سکتی، بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ جو احتجاج میں 5ہزار لوگ نہیں لائے گا، اسے پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دفتر کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی بسوں کی مانیٹرنگ ہو گی ۔ کسی سٹاف کا رویہ خراب ہوا تو ریکارڈ ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ سیفٹی اور سکیورٹی بھی بہتر ہوگی، مسافروں اور بس ڈرائیور کے رویوں کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایک ٹولہ ہے جو انارکی پھیلا رہا ہے۔سب سے پہلے ہماراملک ہے، ہمارے معاشی حالات بہترہورہے ہیں، سٹاک بڑھ رہاہے جب کہ یہ لوگ معیشت کے پہیے کو جام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی ٹولہ ہے جو چاہتا ہے کہ ملک میں انارکی اور انتشار پھیلایا جائے۔