اسلام آباد(آئی این پی )قیدیوں کی سیاسی گفتگو پر پابندی کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف چیف کمشنر اسلام آباد کے بعد پنجاب حکومت نے بھی اپیل دائر کردی ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پرسماعت کی جس میں سنگل بینچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔تاہم عدالت عالیہ کی جانب سے پنجاب حکومت کی استدعا پر فوری ریلیف نہیں دیا گیا۔پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ثنا اللہ زاہد پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست کے ساتھ یکجا کرتے ہوئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا گیا۔چیف کمشنر اسلام آباد اور پنجاب حکومت کی اپیلوں پر آج بدھ کودوبارہ سماعت ہو گی۔