قائمہ کمیٹی کا چیئرمین پی سی بی کو نوٹس ،ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

کوئی مقدس گائے نہیں،وزیر داخلہ اپنی جگہ ہوں گے یہاں آئیں اور جواب دیں،چیئرمین ثنااللہ مستی خیل
قائمہ کمیٹی نے پی سی بی کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کافیصلہ مسترد کردیا،وزیر اعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی کی جانب سے تاخیر سے فراہم کردہ دستاویزات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو  نوٹس جاری کر دیا اورذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کوئی مقدس گائے نہیں ،وزیر داخلہ اپنی جگہ ہوں گے یہاں آئیں اور جواب دیں ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ثنا اللہ مستی خیل کی زیر صدارت ہوا ،اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے تاخیر سے فراہم کردہ دستاویز پر تشویش کا اظہار کیا گیا،قائمہ کمیٹی کو تین دنوں میں متعلقہ دستاویز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ،پاکستان کرکٹ بورڈ کا جواب نہ ملنے پر قائمہ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو نوٹس جاری کردیاہے اور آئندہ اجلاس میں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے ،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ئی مقدس گائے نہیں،کیا پی سی بی کے عہدیداران کوئی آسمانی مخلوق ہے؟وزیرداخلہ ہوگا تواپنی جگہ ہوگا،وہ یہاں آئیں اور جواب دیں ،قائمہ کمیٹی سب سے بڑا فورم ہے یہاں جواب آنا چاہیے، قائمہ کمیٹی نے پی سی بی کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نگران حکومت کیسے پی سی بی کو وزارت آئی پی سی کے کنٹرول سے نکال سکتی ہے؟  اس حوالے سے قائمہ کمیٹی  نے  پی سی بی بارے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ،کمیٹی نے نگران حکومت کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کابینہ ڈویژن کی منتقلی کا فیصلہ مستردکر دیا ہے ،اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے نان ڈویلپمنٹ بجٹ کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں،کمیٹی رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ بتایا جائے کتنے اخراجات انتظامی اور کتنے سپورٹس پر خرچ کئے جاتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ بارے ایسا سوال تین سال قائمہ کمیٹی میں چلتا رہا،اس دوران چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہمیں تحریری طور پر نان ڈویلپمنٹ بجٹ اور آڈٹ رپورٹس کی تفصیلات سے آگاہ کریں، پاکستان سپورٹس بورڈ کے بجٹ میں دو گنا اضافہ کیا جائے ۔