جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اسرائیلی فوج کا ریزرو میجر ہلاک ہو گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے 27 سالہ ریزرو افسر ایتامار سپیر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک چرچ کے اندر موجود مبینہ حزب اللّٰہ جنگجو کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ ہلاک ہونے والا افسر مغربی کنارے کی بستی ایلی کا رہائشی تھا۔واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللّٰہ کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی دعوے کے مطابق 25 سے زائد اہداف پر حملے کیے گئے جن میں اسلحہ ڈپو، راکٹ لانچر اور کمانڈ سینٹر شامل تھے۔دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ دیر قانون النہر کے علاقے پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، جبکہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ادھر حزب اللّٰہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر ڈرون حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایک ڈرون مار گرایا گیا جبکہ دوسرا سرحدی علاقے میں گرنے سے دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔خطے میں بڑھتی ہوئی اس کشیدگی نے سرحدی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔