کومل عزیز خان کے وزن میں تبدیلی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث، اداکارہ نے تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا

کومل عزیز خان کے وزن میں تبدیلی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث، اداکارہ نے تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابق اداکارہ کومل عزیز خان کے وزن میں تبدیلی پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس پر اداکارہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کو ایک دوسرے کے ساتھ مہربانی سے پیش آنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈرامہ سیریلز ’بھروسہ پیار تیرا‘ اور ’رازِ الفت‘ سے شہرت حاصل کرنے والی کومل عزیز خان ان دنوں شوبز انڈسٹری سے دور ہیں اور اپنے کپڑوں کے برانڈ پر توجہ دے رہی ہیں۔حال ہی میں اداکارہ نے اپنے برانڈ کے نئے کلیکشن کے لیے فوٹو شوٹ کروایا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے ان کے وزن میں تبدیلی کو موضوعِ بحث بنا لیا۔کچھ صارفین نے اداکارہ کے وزن میں اضافے پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ بعض نے ان کے طرزِ زندگی سے متعلق سوالات بھی اٹھائے۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی اس بحث کے بعد کومل عزیز خان نے تنقیدی تبصروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو دوسری خواتین کے ساتھ مہربانی اور احترام سے پیش آنا چاہیے اور انہیں ایسے ذاتی سوالات سے گریز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب متعدد مداح اداکارہ کی حمایت میں سامنے آئے اور ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو بھی جواب دیا۔کومل عزیز خان کے فوٹو شوٹ پر ہونے والی یہ بحث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شخصی ظاہری شکل اور وزن سے متعلق تبصروں کے رجحان کو نمایاں کرتی ہے۔